اسپیکربھارتی لوک سبھا کی چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھارت آنے کی دعوت

نئی دلی/ اسلام آباد: بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب میں شرکت کے لئے بھارت آنے کی دعوت دی ہے۔

بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے پاکستانی  سینیٹ کے چئیرمین صادق سنجرانی کے نام خط لکھا ہے، جس میں اسپیکر بھارتی لوک سبھا نے صادق سنجرانی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب میں شرکت کے لئے بھارت آنے کی دعوت دی ہے۔

خط میں بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھارت کی سب سے پرانی پارلیمانی کمیٹی ہے، ہمارے لیے اعزاز کی بات ہو گی کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے 100 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں آپ شرکت کریں، ہمارے لیے باعث اعزاز ہوگا اگر اس تاریخی موقع پر آپ بھارت کی پارلیمنٹ کے مہمان بنیں۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تقریبات 4 اور 5 دسمبر کو نئی دہلی میں ہوں گی، جب کہ تقریبات کا افتتاح 4 دسمبر کو بھارت کے صدر رام ناتھ کوند کریں گے، اور تقریبات کے اختتامی سیشن سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 5 دسمبر کو خطاب کریں گے۔