سلمان خان کے والد سلیم خان کا امیتابھ کو مشورہ
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کے والد اور مشہور اسکرپٹ رائٹر سلیم خان نے اداکار امیتابھ بچن کو کام چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں سلیم خان نے کہا کہ بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ اپنی زندگی میں جو کچھ حاصل کرنا چاہتے تھے، وہ کرچکے ہیں، انہیں اب ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔
سلیم خان نے اپنے انٹرویو میں بِگ بی کے حوالے سے کہا کہ امیتابھ نے اپنی زندگی کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے بہت اچھا کام کیا اور اب انہیں اپنے کام سے فارغ ہوجانا چاہیے اور کچھ وقت خود کو اور گھر والوں کو دینا چاہیے۔
سلمان خان کے والد نے خود کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اب میری دنیا مختلف ہے، میرے ملنے جلنے والوں میں اب صرف فلمی دنیا کے لوگ نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیتابھ بچن ہیرو تھے اور ہیں لیکن اب ان جیسے اداکار کے لیے کہانیاں نہیں ہیں، ہماری فلمیں تکنیکی طور پر بہتر ہوئی ہیں، اس کے علاوہ موسیقی اور ایکشن میں بھی بہتری آئی ہے لیکن ہمارے پاس اب بھی معیاری اسکرپٹس نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ امیتابھ اور سلیم خان نے متعدد سپر ہٹ پراجیکٹس میں ایک ساتھ کام کیا ہے جن میں کالا پتھر، شعلے، دوستانہ اور زنجیر جیسی فلمیں شامل ہیں۔