ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ اسکاٹ لینڈ نے بنگلادیش کو 6 رنز سے شکست دے دی
عمان کے الامارات کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جو کہ غلط فیصلہ ثابت ہوا۔ اسکاٹ لینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز کیے جبکہ بنگلادیش کے بلے باز 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکے۔
بنگلادیش کی جانب سے مشفق الرحیم نے 38، کپتان محمود اللہ نے 23 اور شکیب الحسن نے 20 رنز کیے جبکہ باؤلنگ کرتے ہوئے مہدی حسن نے 3، شکیب الحسن اور مستفیض الرحمان نے 2 ،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ دوسری جانب اسکاٹش بلے باز کرس گریوز 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جورج منسے نے 29، مارک وٹ نے 22 اور میتھیو کروس نے 11 رنز بنائے۔ جبکہ براڈ ویل نے 3 اور کرس گریوز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم عمان نے پاپوانیوگنی کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ عمان نے 13 اعشایہ 4 اوورز میں 130 رنز کا ہدف حاصل کیا۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز ہوگیا ہے۔ راؤنڈ کے پہلے میچ میں عمان نے پاپوانیوگنی کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ پہلے مرحلے میں 6 کوالیفائرز اور رینکنگ پر موجود نویں اور دسویں نمبر کی ٹیمیں بنگلا دیش اور سری لنکا شریک ہوں گی۔
17 سے 22 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس مرحلے سے 4 ٹیمیں دیگر ٹاپ 8 ٹیموں کو سپر 12 میں جوائن کریں گی اور سپر 12 معرکہ 23 اکتوبر سے شروع ہوگا۔