اسرائیلی فوج کی عید میلاد النبیؐ پر فلسطینیوں کیخلاف وحشیانہ کارروائی، متعدد زخمی
اسرائیلی فوجیوں نےعید میلاد النبیؐ کے موقع پر فلسطینیوں پر دھاوا بول دیا۔
خبرایجنسی کےمطابق اسرائیلی فوج نے دمشق گیٹ اور مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مسلسل دو روز کارروائیاں کیں اور اس دوران متعدد فلطسینی زخمی ہوگئے۔
خلیجی میڈیا کا بتانا ہےکہ منگل کے روز اسرائیلی فوج کی کارروائی میں کم از کم 22 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ دو درجن سے زائد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن میں زیادہ تر تعداد بچے شامل ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں نے وحشیانہ کارروائی کے دوران خواتین کو بھی نشانہ بنایا اور بدترین لاٹھی چارج کیا جب کہ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے بچوں کو بھی نہ بخشا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ 11 اور 12 ربیع الاول کو فلسطینیوں کی بڑی تعداد اپنے اہلخانہ کے ہمراہ دمشق گیٹ پر جمع ہوئی تھی جہاں وہ عید میلاد النبیؐ منانے کے لیے موجود تھے۔
اسرائیلی فورسز نے پیر کی شام بھی کارروائی کی جس میں 49 فلسطینی زخمی ہوئے اور 10 کو گرفتار کیا گیا جب کہ اسرائیلی فوج نے واقعے کی کوریج کرنے والے دو مقامی صحافیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔