امریکا؛ فائرنگ کے واقعے میں خواتین سمیت 4 افراد ہلاک

امریکی ریاست واشنگٹن میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 4 افراد کو قتل کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک گھر کے قریب تین افراد کی گولیاں لگی لاشیں ملی ہیں جب کہ ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمی شخص نے بھی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ یہ بھی واضح نہیں ہوسکا ہے کہ قتل ہونے والوں کا آپس میں کیا رشتہ تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک ہی شخص تھا جو کارروائی کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پولیس نے شہریوں سے جائے وقوعہ پر کے ارد گرد نقل و حرکت میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔