باتھ روم میں نہانے کے لیے لگا ہوا شاور اور اس تک پانی پہنچانے والے پائپ جراثیم اور پھپھوند کا مرکز ہوتے ہیں لیکن معمولی اور آسان نسخوں سے انھیں صاف کیا جا سکتا ہے۔
جب ہم نہانے کے لیے جاتے ہیں تو ہماری توقع یہی ہوتی ہے کہ ہم صاف ستھرے ہوں گے اور گرم پانی، خوشبو دار صابن صفائی کے اس احساس کو تقویت دیتا ہے لیکن کیا آپ یہ سوچ سکتے ہیں کہ آپ کے چہرے پر جراثیم منڈلا رہے ہیں؟ درحقیقت جب آپ نلکا کھولتے ہیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔
جب آپ اپنا شاور کھولتے ہیں تو صرف پانی اور بھاپ ہی نہیں آتی بلکہ رات بھر پائپ اور شاور کے اند پھلنے پھولنے والے جراثیم شاور سے نکلنے والی پانی کی بوندوں سے ٹکراتے ہیں۔ یہ زیاد تر عام اور بے ضرر ہوتے ہیں۔
شاور ہیڈز اور پائپ دراصل بیکٹریا کی ہی گھر ہیں۔
شاور لینے کے بعد پائپ کی اندرونی سطح گھنٹوں تک گرم اور گیلی رہتی ہے اور جراثیم کی نشوونما کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرتی ہے۔ جراثیم پانی میں تحلیل شدہ غذائی اجزاء کے ساتھ ساتھ پلاسٹک کے پائپ سے نکلنے والے کاربن کی چھوٹی مقدار کھاتے ہیں۔