انڈسٹریل ایریا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عدیل اکبر مبینہ طور پر خود کو گولی مارنے کے بعد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے ایک فون کال موصول ہونے کے فوراً بعد اپنے گن مین کا اسلحہ لیا اور خود پر فائر کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گولی سینے میں لگنے سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس نے واقعے کے وقت موقع پر موجود گن مین، آپریٹر اور دیگر اہلکاروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ تحقیقاتی ٹیم واقعے کے تمام پہلوؤں، خاص طور پر آخری فون کال کی تفصیلات، کی جانچ کر رہی ہے۔