پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی اور اسپورٹس سے متعلق دو اہم یادداشتوں پر دستخط

کراچی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اطلاعاتی ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور اسپورٹس کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد نوجوانوں کی ترقی، تکنیکی مہارتوں کے تبادلے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جو نوجوانوں کی ترقی اور تکنیکی اشتراک پر مرکوز دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے۔

یہ معاہدے جمعہ کی رات گورنر ہاؤس کراچی میں ایک تقریب کے دوران سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد بن سعد آل سعود اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔

تقریب میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی، قونصل جنرل محمد عبداللہ السبیعی اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق بھی شریک ہوئے۔

مفاہمتی یادداشتوں کے تحت دونوں ممالک نے آئی ٹی تعلیم، نوجوانوں کے تبادلے کے پروگرامز، مشترکہ تربیتی اقدامات اور کھیلوں کے مقابلوں میں تعاون پر اتفاق کیا تاکہ مہارتوں کے فروغ اور عوامی روابط کو بڑھایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو عوامی خیرسگالی میں جڑا تاریخی رشتہ قرار دیا اور کہا کہ ٹیکنالوجی اور کھیلوں میں اشتراک نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔