عثمان خواجہ نے پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلتے ہوئے 30 سال پرانی یادگار تصویر شیئر کردی
پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ 24 سال بعد دورہ پاکستان پر آنے والی آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ایسے میں کرکٹر نے 30 سال پہلے لی گئی اپنے بچپن کی تصویر کو انسٹاگرام اکاؤنٹ کی زینت بنایا۔
عثمان خواجہ کی یہ تصویر راولپنڈی کے پرانے کرکٹ اسٹیڈیم میں لی گئی تھی۔
کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ‘یہ تصویر 30 سال قبل ہمارے آسٹریلیا منتقل ہونے سے دو ہفتے پہلے لی گئی تھی، جہاں شہر کے پرانے اسٹیڈیم میں، میں ایک شاٹ کھیل رہا ہوں’۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘اس وقت کس نے یہ سوچا ہوگا کہ میں یوں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا سے کھیلنے واپس آؤں گا’۔
عثمان خواجہ نے بے حد خوشی اور بے صبری ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ‘دوبارہ اسی اسٹیڈیم میں کھیلنے کا انتظار نہیں کرسکتا’۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز 4 مارچ سےراولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے جارہا ہے۔