ملائشین وزیراعظم تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد: ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد پاکستان کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ مہاتیر محمد وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر 21 سے تیئس مارچ تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ملائشین وزیراعظم کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد اہم کاروباری شخصیات پاکستان آئیں گی۔ مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مہاتیر محمد صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کے ساتھ وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
دونوں وزرائے اعظم مختلف صنعتکاروں کی گول میز کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ ملائیشین صنعتکار آٹو موبائل اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مہاتیر محمد کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ دونوں ممالک کا فوکس معاشی، تجارتی، دفاعی تعلقات میں مزید بہتری لانا ہے۔