وفاقی وزیر داخلہ کا شہداء پیکیج 30 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کرنے کا اعلان

شب قدر: (دنیا نیوز) ایف سی ٹریننگ سینٹر شب قدر میں تاریخ میں پہلی بار شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شہداء پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے شہداء پیکیج کو 30 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ جان کے بدلے ایک کروڑ کا معاوضہ نعم البدل نہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ تاریخ کی پہلی شہداء پریڈ ہے، جس میں آئی جی سے لیکر جوان تک شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آپ نہ پٹھان، نہ پنجابی، نہ بلوچی، نہ سندھی، آپ سب پاکستانی ہیں، آپ سب نے پاکستانی ہوکر سوچنا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی ہو کر سوچیں گے تو جیت آپ کی ہو گی، آپ جوانوں نے صرف اور صرف پاکستان کے مشن کو سامنے رکھ کر چلنا ہے، پاکستانی ہونے کے ناطے آپ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف سی ایسی فورس ہے جس کی ضرورت ہر وقت اور ہر جگہ پڑتی ہے، ایف سی کے جوان سکیورٹی، امن وامان اور ہر قسم کی ڈیوٹی کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، ایف سی نے مشکل وقت میں ہر شعبے کو تعاون فراہم کیا ہے۔