ٹیسٹ کرکٹ کی ریکارڈ بک میں کئی نئے اندراج

کراچی: ٹیسٹ کرکٹ کی ریکارڈ بک میں کئی نئے اندراج ہو گئے جب کہ امام الحق دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے 10 ویں پاکستانی بن گئے۔

راولپنڈی کی ڈیڈ پچ پر رنز کے انبار لگنے سے کئی ریکارڈز بھی بن گئے جب کہ امام الحق دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے 10 ویں پاکستانی بن گئے۔

ان سے قبل حنیف محمد نے یہ کارنامہ 1962 میں انگلینڈ کیخلاف انجام دیا تھا، نیوزی لینڈ کیخلاف جاوید میانداد نے 1984، وجاہت واسطی نے سری لنکا کیخلاف 1999، یاسر حمید نے بنگلادیش کیخلاف 2003، انضمام الحق نے انگلینڈ کیخلاف 2005، محمد یوسف نے 2006 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف، یونس خان ، مصباح الحق اور اظہر علی نے 2014 میں آسٹریلیا کیخلاف یہ اعزاز پایا تھا۔

پاکستانی اوپنرز نے نصف صدی بعد آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ کی دونوں اننگزمیں سنچری شراکت بنائی، عبداللہ شفیق اور امام الحق سے قبل 1971 میں انگلش اوپنرز جیفری بائیکاٹ اور جان ایڈریچ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا، 1924 میں جیک ہابس اور سٹکلف( انگلینڈ )، 1947 میں ہٹن اور واشبروک( انگلینڈ )، 1948 میں ہٹن اور واشبروک ( انگلینڈ ) بھی کینگروز کیخلاف دونوں اننگز میں تہرے ہندسوں تک رسائی پا چکے۔

کسی بھی وکٹ پر ایک ٹیسٹ میں 2 سنچری شراکت والی یہ دوسری جوڑی ہے، مجموعی طور پر امام اور عبداللہ ایک ٹیسٹ میں دو سنچری پارٹنرشپ بنانے والا تیسرا پاکستانی اوپننگ پیئر ہے۔

2003 میں عمران فرحت اور توفیق عمر نے جنوبی افریقہ اور گذشتہ برس بنگلہ دیش سے میچ میں عبداللہ شفیق اور عابد علی نے دونوں اننگز میں سنچری شراکت قائم کی تھی، یونس خان اور اظہر علی نے 2014 میں تیسری وکٹ پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا، ڈرا میچ میں پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے 252 کی ناقابل شکست شراکت بنائی، یہ کینگروز کیخلاف پاکستان کی جانب سے بہترین پارٹنرشپ بھی ریکارڈ ہوئی، اس سے قبل 1964 میں خالدعباداللہ اور عبدالقادر نے 249رنز جوڑے تھے۔