پاکستان، تعلیم اوراکیسویں صدی ….. شاہد صدیقی کی نئی کتاب کی تقریب رونمائی

اسلام آباد۔ 19 ستمبر

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ملک کے معروف ماہر تعلیم/سابق وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب ‘ پاکستان، تعلیم اوراکیسویں صدی ‘ کی تقریب رونمائی گزشتہ روز منعقد ہوئی۔اس تقریب کی صدارت علامہ اقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نےکی جبکہ مہمان خصوصی کتاب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی تھے۔انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس پریذیڈنٹ، ڈاکٹر نبی بخش جمانی ، سربراہ شعبہ تعلیم، نمل یونیورسٹی، ڈاکٹر وجیہہ شاہد، فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی سے ڈاکٹر سلمٰی نذر اور اوپن یونیورسٹی کی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، ڈاکٹر تنزیلہ نبیل نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ڈاکٹر افشاں ہما نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔ صاحب کتاب،پروفیسر شاہد صدیقی نے اپنی اس نئی کتاب کا پس منظرتفصیل سے بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں پاکستان کے نظام تعلیم کے حوالے سے مفصل اور مدلل بحث کی ہے اور اس وقت کے جدید تعلیمی رجحانات اور امکانات کو وضع کرنے کی کوشش کی ہے۔ علامہ اقبال یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کتاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب پاکستان کے تعلیمی نظام کو سمجھنے کیلئے تعلیم سے وابستہ لوگوں کیلئے بہت مفید ثابت ہوگی۔ پاکستان میں تعلیم کے شعبےپر بہت کم کتابیں لکھی گئی ہیں، ہمیں اپنی ترجیحات میں کتابوں کو شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔