اوپن یونیورسٹی میں بسلسلہ عید میلاد النبی ؐ نعت خوانی کے مقابلے کا انعقاد
17جامعات اور 13کالجز کے 38 طلباء و طالبات نے حصہ لیا
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بسلسلہ عید میلاد النبی ؐ راولپنڈی اور اسلام آباد کے کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کے مابین نعت کے مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں 17جامعات اور 13کالجز کے 38 طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور ہدیہ عقیدت پیارے نبیؐ کے حضور پیش کیا۔دانیال ہاشمی نے پہلی، محمد اعظم نے دوسری نور عائشہ نے تیسری اور صبغت اللہ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
مقابلے میں ججز کے فرائض ڈاکٹر قاسم یعقوب، ڈاکٹر احمد رضا، ڈاکٹر حافظ راؤ فرحان اور ڈاکٹر سید مجیب الرحمن نے انجام دئیے۔نعت خوانی کے مقابلے کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسز نے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے تعاون سے کیا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کہا کہ اس طرح کے محافل سے طلبہ کی تربیت ہوتی ہے، وہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے منور ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے محافل میں حصہ لینا اور شرکت کرنا باعث برکت ہے، شریک ہر فرد پر رحمتیں نازل ہوتی ہیں، کوئی محروم نہیں رہتا ہے۔
ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی نے کہا کہ نعتیہ مقابلہ طلبہ کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے یونیورسٹی میں جاری تقریبات کے سلسلے کی کڑی تھی۔تقریب سے سیرت چئیر/ شعبہ انٹرفیتھ اسٹڈیر کے چئیرمین، ڈاکٹر شمس الرحمن نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں کو مبارکباد پیش کیں۔آخر میں پوزیشنز حاصل کرنے والے بچوں میں اسناد تقسیم کئے گئے۔