اوپن یونیورسٹی میں بچوں کے لئے ایک ہفتے کے ونٹر کیمپ کا انعقاد

پاکستانی بچوں کو سیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں گے۔ڈاکٹر ناصر محمود

ترکیہ۔پاکستان کے صدیوں پرانے تعلقات کو نئی نسل تک پہنچا نا ہمارا فرض ہے۔پروفیسرڈاکٹر خلیل طوقا

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی قومی و غیر ملکی جامعات و دیگر تعلیمی اداروں کے اشتراک سے ‘طلبہ کی مشترکہ سرگرمیوں ‘پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی بچوں کو سیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ زندگی کی کشمکش میں ہر سطح پر مقابلے کے لئے تیار ہوں "اِن خیالات کا اظہار وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بچوں کے لئے ونٹر کیمپ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

ونٹر کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے صدیوں پرانے تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر موقع پرایک دوسرے کی مدد کی ہے، نئی نسل کو اِن تعلقات سے آگاہ کرنے اور دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے کام کررہے ہیں، اِس تعاون پر ہم یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہدمجید کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے سال سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے سیمینارز، کانفرنسز کا انعقاد کرتے ہیں،بچوں کو ترکیہ زبان سکھانے اور تہذیب و تقافت سے آگاہ کرنے کے لئے ہم نے گرمیوں میں سمر کیمپ کا انعقاد کیا تھا، آج سے ہم نے ونٹر کیمپ کی کلاسسز شروع کردی ہیں۔ڈاکٹر زاہد مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین صدیوں سے ایک تعلق، ایک رشتہ ہے، یونیورسٹی یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے اِن تعلقات کو مزید مضبوط کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر،ڈاکٹر خلیل طوقار ہم سے زیادہ پاکستانی ہیں، پاکستان میں اُن کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خلیل طوقار استنبول یونیورسٹی ترکیہ میں اردو کے چئیرمین ہیں جس کی وجہ سے اُن کی اردو میری اردو سے زیادہ اچھی ہے۔ڈاکٹر زاہد مجید کا کہنا تھا کہ ونٹر کیمپ کے لئے ہم نے 80درخواستوں میں 35بچوں کو شارٹ لسٹ کیا، سیٹیں محدود ہونے کی وجہ سے ہم نے شارٹ لسٹڈ بچوں میں سے 25بچوں کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ ایک ایسا پلیٹ فارم ہوگا جہاں ہم ترکی زبان، ثقافت، آرٹ اور روایات کو فروغ دیں گے۔ونٹر کیمپ ایک ہفتے دورانیہ پر مشتمل ہوگا،کلاسز کے اوقات کار روزانہ صبح 10بجے تا 2بجے ہوں گی۔ڈاکٹر خلیل طوقار کی مسز، ثمینہ طوقار ترکی زبان سکھائے گی، تیر اندازی کے ماہرین تیر اندازی اورخطاطی سکھائیں گے۔