تحریک انصاف بھی عوام کو انصاف دینے میں ناکام ہوگئی:الطاف شاہد مہنگائی اوربدترین بیروزگاری کے بوجھ نے پاکستانیوںکی زندگی مزید دشوار بنادی
14 جنوری 2021 ء پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ تحریک انصاف کے دوراقتدار میں بھی عوام انصاف اوربنیادی حقوق سے محروم ہیں،نظام عدل سہل بنایاجائے۔پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّدمصطفی کمال عوام کوجدیدشہری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ۔ہوشربامہنگائی اوربدترین بیروزگاری کے بوجھ نے پاکستانیوںکی زندگی مزید دشوار بنادی ۔ امن وآشتی اورآسودگی والی زندگی کیلئے ہرسطح پر انصاف عام کرنا ہوگا۔انصاف کی عدم فراہمی کے سبب معاشرے میں قانون کاڈر ختم ہوگیا جس کے نتیجہ میں عدم برداشت اورتشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں ۔طاقتور طبقہ دھڑلے سے کمزورکاحق ہڑپ کرجاتا ہے مگرقانون استحصالی طبقات پرگرفت کرنے کی سکت نہیں رکھتا ۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ جہاں انصاف قیمت یاقسمت سے ملے وہاں بگاڑپیداہوتے ہیں۔ہمارے ہاں مدعی مسلسل کئی برسوں تک سماعت کے نتیجہ میں مقدمات سے زیادہ ہمت ہارجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میںاِنصاف کانظام بہت کٹھن اورمہنگا ہے ،اس کو زیادہ سے زیادہ آسان بنایاجائے۔ مقدمات کی سماعت اوربروقت فیصلے کرنے کیلئے معیادمقررکی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہر مہذب اورکامیاب ریاست میں برسر اقتدار افراد کی مرضی ومنشاءنہیں بلکہ آئین کے تحت دوررس فیصلے ہوتے ہیں۔ انصاف کی بروقت فراہمی سے معاشروں کو کئی پیچیدہ مسائل سے بچایاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں میں بنیادی حقوق کاشعوربیدارکرنے کیلئے تعلیمی نصاب کاسہارا لیا جائے ۔جہاں شہریوں میں اپنے حقو ق بارے آگہی پیداکی جائے وہاں انہیں اپنے اپنے فرض کی بجاآوری کادرس بھی دیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ اداروں میں چوری اورکام چوری نے متعدد مسائل کاجنم دیا ہے ۔شہریوں کوجائز کام کیلئے بھی سرکاری دفاتر میں خوارکیاجاتا ہے ،اس مجرمانہ روش کاسدباب کیاجائے۔