کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منارہے ہیں
سرینگر26جنوری : کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں تاکہ عالمی برادری پر دباﺅ بڑھایا جاسکے کہ وہ بھار ت کی طرف سے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کانوٹس لے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس ، میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم اور یاسمین راجہ ، انجینئر ہلال احمد وار ، محمد یوسف نقاش ، جہانگیر غنی بٹ اور جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ سمیت حریت رہنماﺅں اورتنظیموں نے دی ہے ۔ آج مقبوضہ جموںوکشمیرمیں مکمل ہڑتال ہے اور آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر کے دارلحکومتوںمیں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
ادھر پورے مقبوضہ علاقے بالخصوص کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سمیت 26جنوری کی سرکاری تقریبات کے مقامات کے گرد بھارت مخالف مظاہروںکو روکنے کیلئے بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ۔ سرینگر میں تین حصاروں پر مشتمل سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پورے مقبوضہ علاقے میںجگہ جگہ قائم کی گئی چوکیوں پر لوگوںکو روک کر انکی تلاشیاں لی جارہی ہیں۔