عوام سے براہ راست رابطہ ، وزیراعظم عمران خان آج نئی مثال قائم کریں گے

اسلام آباد : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج براہ راست عوام کی ٹیلی فون کالز پر انکے سوالات کے جواب اور مسائل حل کرکے نئی مثال قائم کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ، ماضی کےحکمرانوں نےعوام کےوسائل پرعیاشی خوب کی، ماضی کےحکمران خودکوعوام کےسامنے پیش کرنےسے ڈرتے رہے، لیکن اب پاکستان بدل چکا ہے ، عوام کے وزیراعظم براہ راست عوام کی فون کالز پرسوالات کے جوابات دے کر نئی مثال قائم کریں گے۔

 

خیال رہے وزیراعظم عمران خان آج شام 4 بجےعوام کے سوالات کا جواب دیں گے، وزیراعظم سے فون پر براہ راست بات کرنے کیلئے رابطہ نمبر 0519210809 بھی سوشل میڈیا پر جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم سے فون پر براہ راست سوال کیلئے لائن شام چار بجےکھل جائیں گی۔