قومی کشمیر کانفرنس آج اسلام آباد میں ہوگی پاکستان و آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت شرکت کرے گی
اسلام آباد(کے پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام قومی کشمیر کانفرنس بدھ کو اسلام آباد میں ہوگی۔آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان،وزیراعظم راجہ فاروق حیدر،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت آزاد کشمیر پاکستان کے سیاسی رہنما اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین کانفرنس میں شرکت کرینگے۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کانفرنس کی صدارت کریں گے ۔کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیاگیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ جماعت اسلامی کے سکیرٹری جنرل امیر العظیم کے مطابق قومی کشمیر کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کانفرنس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں متفقہ اعلامیہ بھی منظور کیا جائے گا۔