ویڈیو سکینڈل سے اوپن اور سیکرٹ بیلٹ کا فرق واضح ہوگیا۔سینیٹر فیصل جاوید اپوزیشن والے اوپن بیلٹ کی مخالفت ضمیروں کی منڈیاں لگانے کے لئے کررہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد( )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ویڈیو سکینڈل سے اوپن اور سیکرٹ بیلٹ کا فرق واضح ہوگیا، اپوزیشن جماعتیں ضمیروں کی خریدو فروخت کے لئے اوپن بیلٹ کی مخالفت کرتی ہیں۔ووٹ کو دھاندلی ختم کر کے عزت دی جاتی ہے ، اپوزیشن جماعتیں ووٹ کو نہیں نوٹ کو عزت دیتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے اپنے اوپر کرپشن اور چوری کے قائم مقدمات میں ریلیف حاصل کرنے کے لئے ہر معاملے میں حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، چاہے وہ کشمیر ایشو پر بلایا گیا مشترکہ اجلاس ہو یا فیٹف جیسے انتہائی اہم معاملے پر قانون سازی۔ انہوں نے فیٹف قانون سازی کی حمایت کے بدلے میں نیب قوانین میں اپنے مفادات کے لئے چونتیس ترامیم مانگ لیں مگر عمران خان نے کہا کہ وہ کسی بھی معاملے پر بات کرلیں مگر وہ انہیں این آراوکسی صورت نہیں دیں گے۔ انہوں نے پی ڈی ایم بنا کر جلسیاں کیں اور حکومت کو پھر بلیک میل کرنے کی کوشش کی مگر انہیں ناکامی ہوئی۔ انہوں نے استعفوں کی دھمکیاں دیں مگر ان کے اراکین نے انہیں جواب دے دیا کہ وہ چند لوگوں کی کرپشن بچانے کے لئے استعفے نہیں دیں گے۔ عوام نے بھی ان کی چوری بچانے کے لئے نکلنے سے انکار کردیا کیونکہ عوام چوری بچانے کے لئے نہیں بلکہ چوری کی خلاف باہر نکلتے ہیں جس طرح عمران خان کے ساتھ نکلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ جماعتوں کے جلسوں سے زیادہ لوگ عمران خان کے صرف سٹیج پر ہوا کرتے تھے۔ان کے تمام شو فلاپ ہوگئے مگر عمران خان نے نہ تو انہیںاین آراو دیا اور نہ ہی دیں گے ۔کیونکہ این آر او کی قیمت عوام کو اداکرنا پڑتی ہے۔ ماضی میں پرویز مشرف نے طاقت کے باوجود انہیں این آر او دے کر سب سے بڑی غلطی کی۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ویڈیوسکینڈل سے واضح ہوجاتا ہے کہ اوپن اور سیکرٹ بیلٹ میں کیافرق ہے۔ اپوزیشن والے اوپن بیلٹ کی مخالفت اس لئے کررہے ہیں کہ ضمیروں کی منڈیاں لگاسکیں۔ یہ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگاتے ہیں مگر ووٹ کو عزت شفافیت کے ذریعے دی جاسکتی ہے جس کی یہ مخالفت کرتے ہیں۔ یہ ووٹ کو نہیں دراصل نوٹ کو عزت دیتے ہیں۔