باجوڑ: بھارتی ایما پر دہشت گردی کرنے کا منصوبہ ناکام، بارودی مواد برآمد
باجوڑ: پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں کے خلاف کئے جانے والے سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
کے پی میں ضم شدہ اضلاع باجوڑ میں دہشت گردوں کی جانب سے ایک بار پھر منظم ہونے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس ایسے عناصر کی سرکوبی کے لئے مصروف عمل ہے۔
ایسی ہی ایک کارروائی باجوڑ کی تحصیل نواگئی چارمنگ میں کی گئی، تحصیل نواگئی چارمنگ پاک افغان سرحد کے قریب واقع ہے، جہاں مقامی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں کلو بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ بارودی مواد کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان باجوڑ نے چھپایا تھا، بارودی مواد بھارتی ایجنسی “را” کی ایما پر سیکیورٹی فورسز، سیکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف اور باجوڑ میں بڑی تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔
گذشتہ شب بھی باجوڑ میں افغانستان سے دہشت گردوں نے 5 راکٹ فائر کیے جس کے نتیجے میں کمسن بچہ شہید ہوا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے راکٹ باجوڑ کے علاقے سرکئی ٹاپ، لغاری سیکٹر پر فائر کیے گئے، راکٹ حملے میں پانچ سال کا بچہ شہید ہوا، دہشت گردوں کے حملے میں ایک لڑکی سمیت 7 بچے زخمی بھی ہوئے۔