اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے یوسف رضا گیلانی سمیت 48 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کو مسترد کیا جس کے بعد تھوڑی دیر بعد ہی ان کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
اس کےعلاوہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام 48 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں جیت کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا اور ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی تھی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کیا۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔