ملک بھر میں آج شب معراج عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

ملک بھر میں آج شبِ معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس شب اللہ رب العزت نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بلا کر اپنا دیدار کرایا۔

رجب المرجب اسلامی سال کا ساتواں مہینہ ہے۔ اللہ رب العزت نے سال کے بارہ مہینوں میں مختلف دنوں اور راتوں کی خاص اہمیت و فضیلت  بیان فرمائی ہے۔

شبِ معراج جہاں عالم انسانیت کو ورطہ حیرت میں ڈالنے والا واقعہ ہے، وہیں یہ امت مسلمہ کے لئے عظیم فضیلت کی رات قرار دی گئی ہے۔

اسراء اور معراج کے واقعہ نے فکرِ انسانی کو ایک نیا موڑ عطا کیا۔ اس کے نتیجے میں فکر و نظر کی رسائی کو وسعت حاصل ہوئی۔ یہ واقعہ پیغمبر اسلام  کا امتیازی معجزہ ہے۔

شبِ معراج  پر محبوب خدا نے مسجد الحرام سے مسجد الاقصیٰ اور وہاں سے آسمانوں کی سیر کرکے اللہ کی نشانیوں کا مشاہدہ کیا۔

یہ واقعہ ہجرت سے پانچ سال قبل پیش آیا۔ سرور کائنات، رحمت اللہ العالمین کے لئے اعلان نبوت کا بارہواں سال مصائب و مشکلات سے گھرا تھا۔ اسی دوران  اللہ نے اپنے محبوب ﷺ کو  اپنی ملاقات کا شرف بخشا۔

شب معراج کے موقع پر جہاں مساجد، مزارات اور خانقاہوں پہ جہاں خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا ہے وہیں گھروں پہ بھی خاص اہتمام ہے۔

مسلمانان نے اس موقع  کی مناسبت سے خصوصی کھانے اور میٹھے پکوان تیار کیے ہیں جنہیں غربا، مساکین اور نادار افراد میں تقسیم کیا گیا۔

صبح نماز فجر کی ادائیگی کے لیے بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان، مظفرآباد اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی افسران و اہلکاروں نے سڑکوں پہ خصوصی چیکنگ و پٹرولنگ کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس بات کویقینی بنایا گیا کہ شب معراج کے موقع پر امن و امان کی صورتحال میں کسی شرپسند کو رخنہ انداز ہونے کا موقع میسر نہ آئے۔