پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں بھی اوپننگ کروں گا: بابراعظم

مارٹن گپٹل کے آنے سے فرق پڑے گا، کراچی کنگز کو یکے بعد دیگرے چیمپئن بنوانے کی کوشش کریں گے: سٹار بلے باز

لاہور : کراچی کنگز کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے باقی میچوں میں اوپنر کی حیثیت سے بیٹنگ کریں گے۔ 26 سالہ بابراعظم نے کراچی کنگز کے لئے اننگز کا آغاز شرجیل خان کے ساتھ کیا لیکن کراچی کنگز کی جانب سے بقیہ میچز کے لیے مارٹن گپٹل کی خدمات حاصل کیے جانے کے بعد افواہیں پھیل رہی تھیں کہ بابراعظم اب تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرسکتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ مارٹن گپٹل کراچی کنگز کے سکواڈ میں ایک بہت بڑا اضافہ ہے کیونکہ میں نے اس کے ساتھ سی پی ایل میں کھیلا ہے، ان کے ساتھ میرا بہت اچھا رشتہ ہے ، وہ ایک مختلف قسم کا کھلاڑی ہے اور جب وہ بلے بازی کرتا ہے تو وہ کھیل کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیتا ہے۔بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بھی اوپننگ کرنا جاری رکھوں گا، بعض اوقات آپ ٹیم کیلئے مختلف نمبر پر بیٹنگ کرسکتے ہیں لیکن ابوظہبی میں اوپننگ میں ہی کروں گا۔

بابراعظم کو یقین ہے کہ کراچی کنگز پی ایس ایل کا اعزاز برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر میں ایک بار پھر یہ اعزاز جیتنے کے لئے پراعتماد ہوں ، ہم کراچی کنگز کا مومینٹم برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز اس وقت پی ایس ایل 6 میں 5 میچز میں 3 کامیابیوں اور2 ناکامیوں کے ساتھ 6 پوائنٹس لیکر سرفہرست ہے۔