سینئر اداکار انور اقبال دوران علاج لی گئی تصویر پر سخت ناراض

پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کے سینئر اداکار انور اقبال بلوچ نے دورانِ علاج اپنی وائرل ہونے والی تصویر پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

انور اقبال بلوچ کے نام سے منسوب فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں ناراضی کے ساتھ برہمی کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ میں اپنے تمام مداحوں، دوستوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو میری صحت کے حوالے سے فکرمند تھے لیکن کچھ لوگوں نے مجھے مایوس کیا ہے۔

پوسٹ میں کہا گیا کہ کچھ لوگوں نے میری اجازت کے بغیر اسپتال سے تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل کیں جس سے مجھ سمیت میری فیملی کی پرائیویسی متاثر ہوئی۔

فیس بک آئی ڈی پوسٹ کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی غیرذمہ دارانہ صحافت ہے جس سے میری فیملی اور مداحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، میں کچھ عرصے سے کافی زیادہ بیمار ہوں اور کراچی کے بہترین ڈاکٹروں سے علاج کروارہا ہوں۔

پیغام میں میڈیا سے ذمے داری کا مظاہرہ کرنے، مداحوں کے جذبات اور اور پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔

 

یاد رہے کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر اداکار انور اقبال کی اسپتال سے لی گئی تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس میں وہ شدید علیل نظر آرہے تھے۔