حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر لاک ڈاؤن نہیں، فواد چوہدری

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری پر کوئی لاک ڈاؤن نہیں ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری پر کوئی لاک ڈاؤن ہے، وزیراعظم آئین کے مطابق لیڈر آف اپوزیشن سے اس معاملے پر رائے لیں گے، ایک مضبوط الیکشن کمیشن جس پر تمام جماعتوں کااعتماد ہوپاکستان کے مفادمیں ہے،عمران خان کی جدوجہد شفاف نظام کے لئے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین پر بھی حکومت کھلے دل سے آگے بڑھنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بڑے معاملات پر پارلیمان میں اتفاق رائے پیدا ہو، سیاسی نظام کا استحکام آئین کے احترام میں پنہاں ہے، انتخابات،احتساب اور قومی سلامتی پر اتفاق رائے سیاسی نظام کو استحکام دے گا۔