امریکہ سے آئے ہوئے پاکستانی انجینئرز کے وفد کا پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ

اسلام آباد ( ) امریکہ سے آئے ہوئے پاکستانی انجینئرز کے وفد نے پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا اور سویٹ ہوم میںبچوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفدکی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کے لیے سولر پینل سسٹم نصب کر کے دیا گیا اور اورکیڈٹ کالج گوجر خان کے لیے ہسپتال بنانے کے لیے زمرد خان کو پیشکش کی ہے ۔ وفد نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ گزشتہ روز امریکہ سے آئے ہوئے پاکستانی انجینئرز نے نعمان زبید اللہ کی قیادت میں نے پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا ۔ وفد میں میجر زبید اللہ، ڈاکٹر نادیہ ،محمد رضا، عرفان احمد ،عارف اقبال، حسام خٹک،عائشہ بشیر، احمد منیب،سعد روف ، زکاء المصطفیٰ، عبدالحمید عمار،رضا المصطفیٰ ، عبدالباسط حمدا، توصیف لیاقت اور جویریہ عروج شامل تھے ۔ وفد نے پاکستان سویٹ ہوم ہسپتال کا تفصیلی جائزہ لیا اور وہاں پر دی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے زمرد خان کو خراج تحسین پیش کیا۔پاکستان سویٹ ہوم انتظامیہ کی جانب سے تمام شرکاء کو سویٹ ہوم کا تفیصلی دورہ کرایا گیا اور وہاں پر رہائش پذیر بچوں اور بچیوں سے بھی ملاقات کرائی گئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہوم کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا کہ یتیم بچوں کی بہتر کفالت کرنا اور ان کو معیاری تعلیم دلوانا ان کی زندگی کا سب سے بڑا مشن ہے۔پاکستان سویٹ ہوم کا مطلب اللہ کی رحمت ہے ۔ ایک بچے سے شروع ہونے والے اس سفر میں اب کارواں بن چکا ہے اور اب ہزاروں کی تعداد میں بیٹے اور بیٹیاں پورے پاکستان میں پاکستان سویٹ ہوم کے ہم سفر بن چکے ہیں ۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کے لیے کیڈٹ کالج بنانا ایک خواب تھا جو اللہ نے پورا کر دیا ہے ۔ اب دو نئے پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے ۔ ہم نومبر میں ایک پراجیکٹ شروع کرنے جا رہے ہیں جو سول سروس اکیڈمی سی ایس ایس سے متعلق ہے ہم اس پراجیکٹ میں ان تمام بچوں کو ٹریننگ دینگے تاکہ وہ اچھے طریقے سے سی ایس ایس کے امتحانا ت دے کر کامیاب ہوں اور اس ملک کا نام روشن کریں ۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے مجھے ایک خوبصورت مشن سے نوازا ہے جس کی نسبت رسول اکرم ۖکے ساتھ ہے ۔ پاکستان سویٹ ہوم کا مطلب معجزات کی دنیا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم کے 200 بچے اس وقت صدیق پبلک اسکول میں زیر تعلیم ہیں ۔ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں سویٹ ہوم کے بچے مختلف شعبوں میں جا کر پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعمان زبید اللہ نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمر د خان کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ ہم امریکہ سے اپنے دوستوں سے رابطے میں ہیں اور بہت جلد پاکستان سویٹ ہوم کے لیے امریکہ سے اس قافلے میں لوگوں کو شامل کرینگے ۔ نعمان زبید اللہ نے کہا کہ گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے ہم نے ایک مشکل فیصلہ کیا اور پاکستان آئے اور اسی دوران ہم نے پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا یہاں آ کر محسوس نہیں ہوا کہ یہ ایک یتیم خانہ ہے ہم نے یہاں پر دی جانے والی سہولیات کو دیکھ کر ان کا ساتھ دیا اور سویٹ ہوم کا ہسپتال بنا کر دیا جس پر ہم تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں ۔ تقریب سے اختتام پر فاونڈرز لائنز کلب کے صدر میجر زبید اللہ نے تما م شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان سویٹ ہوم کے قافلے کو مزید بڑھانے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر سول پینل سسٹم لگانے والی کمپنی کو وفد کی جانب سے چیک بھی دیا گیا