آزاد کشمیر: ایل اے 16 کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ جاری

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 16 باغ کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ شروع ہوگئی۔

انتظامیہ کی جانب سے چاروں پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے جس کے باعث سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، چاروں پولنگ اسٹیشنز پر 400 پولیس اہلکاراورکمانڈوز تعینات ہیں۔

25 جولائی کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران ان پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کے سبب پولنگ روک دی گئی تھی جس کی وجہ سے اس حلقے کے نتائج کا اعلان نہیں ہوا تھا۔

25 جولائی کی پولنگ کے بعد غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار کو 199 ووٹوں کی برتری ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار قمرالزمان 22307 لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ان چارپولنگ اسٹیشنز پرووٹرز کی تعداد2 ہزار380 ہے۔

واضح رہےکہ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 25 نشستیں حاصل کرکے سادہ اکثریت حاصل کی ہے جب کہ پیپلزپارٹی 11 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔