راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والے عقل کے اندھے ہیں۔
ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، این سی او سی نے 20 وینٹی لیٹر دیئے ہیں، ہمیں 15 مزید وینٹی لیٹر چاہییں۔ جمعہ اور اتوار کو 2 روز کووڈ کی چھٹی نامناسب ہے، اس بارے میں اسد عمر سے بات ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی لیکن وہ لوگ پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں، افغان سفیر کی بیٹی پاکستان کے خلاف میڈیا وار کا حصہ ہے، اس نے 3 زبانوں میں انٹرویو دیئے، یہ سلسلہ جاری رکھا گیا تو ہمارے پاس تمام فوٹیج ہیں، ہم نے افغان تفتیشی ٹیم کو سفیر کی بیٹی سے متعلق معاملے سے آگاہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت اور افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ہمارے خلاف میڈیا وار چلائی ہوئی ہے، ہم افغانستان میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں، گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افغانستان پر مذاکرات ہونے چاہییں، یہی وژن وزیر اعظم عمران خان کا بھی ہے، پی ڈی ایم کو کہتا ہوں کہ ہم دنیا کے اہم ترین معاملے پر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ ہے، یہ ایک سال سے جلسے کر رہے ہیں ، پی ڈی ایم میں صرف شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان ہیں، گزشتہ روز پی ڈی ایم کا اجلاس انجم ستائش باہمی کی میٹنگ تھی، پیپلز پارٹی بھی پی ڈی ایم کا حصہ بن جائے تو کچھ نہیں ہونا، تحریک عدم اعتماد کی باتیں کرنے والے عقل کے اندھے ہیں۔ وہ جو بھی کرلیں کچھ نہیں ہوگا، الیکشن وقت پر ہوں گے، پہلے وہ پنجاب میں عدم اعتماد کا شوق پورا کرلیں۔ نواز شریف کی شریان سکڑ رہی ہے اپنے ملک میں آئیں اور بتائیں کیا ہورہا ہے ، شہباز شریف نے کوئی اپیل نہیں کی، وہ میڈیا میڈیا کھیلنا چاہتے ہیں، مریم نواز کا نام ای سی ایل پر ہے انہوں نے اس حوالے سے کوئی درخواست نہیں دی۔