‘بگ باس 13’ کے فاتح سدھارتھ شکلا 40 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ‘بگ باس ‘ کے سیزن 13 کے فاتح اور بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا دل کا دورہ پڑنے کے باعث 40 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے کوپر ہسپتال نے تصدیق کی کہ ان کا انتقال آج (2 ستمبر) کی صبح ہوا۔

قبل ازیں ہسپتال ذرائع نے کہا تھا انہوں نے سونے سے قبل کوئی دوائی لی تھی اور پھر وہ جاگ نہ سکے۔

تاہم بعد ازاں کوپر ہسپتال نے تصدیق کی کہ سدھارتھ شکلا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

 

کوپر ہسپتال میں سدھارتھ شکلا کا پوسٹ مارٹم جاری ہے اور جلد ہی لاش کو ان کے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا، ان کے پسماندگان میں ان کی والدہ اور 2 بہنیں ہیں۔

دوسری جانب پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو کوپر ہسپتال کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سدھارتھ شکلا کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘کچھ دیر قبل ہی سدھارتھ شکلا کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا’۔

سدھارتھ شکلا کی اچانک موت پر بھارتی شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ سدھارتھ شکلا نے ماڈلنگ کے ذریعے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے ٹی وی شو ‘بابل کا آنگن چھوٹے نا’ میں مرکزی کردار سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

 

بعدازاں انہوں نے ‘جانے پہچانے سے یہ اجنبی’، ‘دل سے دل تک’ اور ‘لو یو زندگی’ جیسے ڈراموں میں اداکاری کی لیکن ‘بالیکا ودھو’ سے انہیں بہت مقبولیت ملی۔

سدھارتھ شکلا ‘جھلک دکھلا جا 6’، ‘فیئر فیکٹر: خطروں کے کھلاڑی 7’ اور ‘بگ باس 13’ جیسے ریئلٹی شوز کا بھی حصہ رہے۔

انہوں نے 2014 میں کرن جوہر کی پروڈکشن میں بنائی گئی فلم ‘ہمپٹی شرما کی دلہنیا’ سے بولی وڈ ڈیبیو کیا جس میں انہوں نے معاون کردار ادا کیا تھا۔