پاکستان سویٹ ہوم اور اسلام آباد پروگریسو لائنز کلب کے درمیان معاہدہ طے

اسلام آباد( ) پاکستان سویٹ ہوم اور اسلام آباد پروگریسو لائنز کلب کے درمیان صحت کے شعبے میں معاہدہ طے پا گیا ۔اسلام آباد پروگریسو لائنز کلب نے سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے لیے ہسپتال بنانے،ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ گزشتہ روز پاکستان سویٹ ہوم اور اسلام آبا د پروگریسو لائنز کلب کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا۔تقریب میں میجر زبید اللہ خان ،جمیل اصغر بھٹی ،تسنیم راجہ، عقیل احمد ترین ، مسعود شاہد، ڈاکٹر غفار فاروق، ڈاکٹر مسعود غنی ،علی رضا، سبطین رضا لودھی ، ارشد محمود،میجر اکرم، نجم محمود، سیلمان منصور، اسحاق ڈار،انجینئر فہیم اقبال، ڈاکٹر خالد سلیم،فیضان مجید، فرقان شیخ، نوید شہزاد، امتیاز انصاری و دیگر نے شرکت کی۔پاکستان سویٹ ہوم اور پروگریسو لائنز کلب کے درمیان ہونیو الے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خا ن (ہلال امتیاز ) کا کہنا تھا کہ میرا مقصد پاکستا ن ہوم کے بچوں کو اچھا انسان بنانا ہے تاکہ یہ بچے بڑ ے ہو کر اس ملک کی خدمت کر سکیں ۔ اسلام آباد پرگریسو لائنز کلب کے ممبران کا شکریہ گزار ہوں کہ انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کے لیے دو پراجیکٹ مکمل کر دیئے ہیں اور اب کیڈٹ کالج میں ہسپتال کا منصوبہ بنانے کا معاہدہ کیا ہے ۔ زمرد خان کا کہناتھا کہ میری خواہش ہے کہ اب ہم پاکستان گریٹ ہوم بھی بنائیں معاشرے میں جو بزرگ کسی وجہ سے اپنے گھروں سے بے گھر ہیں ہم ان کو گریٹ ہوم میں رکھ کر ان کو ان کا مقام دلائیں گے۔زمرد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم کا مطلب اللہ کی رحمت ہے ۔ ایک بچے سے شروع ہونے والے اس سفر میں اب کارواں بن چکا ہے اور اب ہزاروں کی تعداد میں بیٹے اور بیٹیاں پورے پاکستان میں پاکستان سویٹ ہوم کے ہم سفر بن چکے ہیں ۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کے لیے کیڈٹ کالج بنانا ایک خواب تھا جو اللہ نے پورا کر دیا ہے ۔ اب دو نئے پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے ۔ ہم نومبر میں ایک پراجیکٹ شروع کرنے جا رہے ہیں جو سول سروس اکیڈمی سی ایس ایس سے متعلق ہے ہم اس پراجیکٹ میں ان تمام بچوں کو ٹریننگ دینگے تاکہ2023 میں مکمل تیاری کے ساتھ سی ایس ایس کے امتحانا ت دے کر کامیاب ہوں اور اس ملک کا نام روشن کریں۔ پاکستان سویٹ ہوم میں زیر تعلیم بچوں نے میٹرک کے امتحانات میں 90 فیصد سے زیادہ نمبر ز حاصل کیے ہیں یہ بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی سب سے آگے ہیں ۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ میںاپنے تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جس کی بدولت آج ہم اس ادارے کو چلا رہے ہیں ۔ پروگریسو لائنز کلب کے میجر زبید اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے خوشی کا مقام ہے کہ ہم نے پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ دو پراجیکٹ مکمل کیے اور اب تیسرے پراجیکٹ کی ذمہ داری بھی اٹھا لی ہے ۔ یتیم بچوں کی جس طرح زمرد خان کفالت کر رہے ہیں یہ ایک مثال ہے ۔ اسلام آباد پروگرسیو لائنز کلب ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان سویٹ ہوم کے لیے فنڈز اکٹھا کرے گااور جو کچھ ہم سے ہو سکتا ہے ہم اس ادارے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہینگے ۔ تقریب پروگریسو لائنز کلب کے مسعود شاہد نے مکمل ہونے والے دو پراجیکٹس کی تفصیلات بھی بتائیں اور آئندہ آنے والے پراجیکٹس کے بارے میں بھی شرکاء کو آگا ہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر پروگریسو لائنز کلب کے نئے منتخب ہونے والے ممبران میں شلیڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ۔