ایسے اداروں کو آگ لگا دیں: اعظم سواتی الیکشن کمیشن پر برس پڑے

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وزیر ریلوے اعظم خان سواتی الیکشن کمیشن پر برس پڑے۔

سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔

سینیٹر اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔

وفاقی وزیر کے الزامات پر الیکشن کمیشن حکام کمیٹی اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ انھیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراضات ہیں، یہ نہیں بتایا کہ سیکریسی کی پامالی کیسے ہوگی؟

وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ زیادہ محفوظ ہے، یہ قابل تصدیق ہو گی اور اس کا آڈٹ بھی ہو  سکے گا۔