خامیوں کی نشاندہی پر الیکشن کمیشن حکومت کے عتاب کا شکار ہے، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انتخابی اصلاحات کو ’غیر موثر‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے اخیارات سے تجاوز کرتے ہیں، اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالتے ہیں جب تک ان کے سامنے دیوار نہیں بنائی جائے گی اس وقت تک کسی انتخابی اصلاحات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن پر حملے کرنے والے وہ ہیں جو ماضی میں اداروں کا احترام کرنے کا بھاشن دیتے تھے لیکن اب وہ ہی اقتدار میں آکر حملے کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف ذاتی اور سیاسی مخالفت کے باوجود اداروں پر تنقید نہیں کی جبکہ حکومت الیکشن کمیشن کے اراکین کو اکسارہی ہے کہ وہ الیکشن کمشنر کے خلاف ایکشن لیں، یہ بہت خطرناک بات ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت کی جانب سے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین بھی آر ٹی ایس جیسی کہانی ہے، جس پر قطعی طور پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔

علاوہ ازیں انہوں نے مہنگائی پر اپوزیشن کے ’مایوس کن کردار‘ پر کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) مہنگائی کے معاملے میں پارلیمنٹ میں خاموش نہیں ہے، عوام کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے اس لیے اپوزیشن کو عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا رویہ رہاہے کہ جس کسی نے ان کی نااہلی اور خامیوں کی نشاندہی کی وہ اس کے اوپر چڑھائی کردیتے ہیں اور ان دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان ان کے عتاب کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکمراں جماعت ہر سفارتی محاذ پر ناکام ہیں، میرا نہیں خیال ہے کہ اتنی تاریخ ذلت اور رسوائی کسی کے حصے میں نہیں آئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جب سی سی این چینل پر یہ کہا جائے کہ وزیر اعظم عمران خان کی حیثیت اسلام آباد کے میئر سے زیادہ نہیں ہے، ایسی شرمندگی پاکستان کے وزیر اعظم کے حصے میں کبھی نہیں آئی۔

نائب صدر نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان نےاحتساب کا بھاشن دے کر لوگوں کے سر میں درد کردیا اور اب غیر ملکی دوروں میں ملنے والے تحائف پر بات ہوئی تو انہوں نے تفصیلات دینے سے انکار کردیا، یہ ان کا ذاتی مال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ عمران خان کا ذاتی یا خاندانی مال نہیں بلکہ پاکستان کی امانت ہے، لوگوں کو چور کہتے کہتے اسی آر میں چوری شروع کردیں‘۔

مریم نواز نے کہا کہ موجودہ حکومت میں پیٹرول، آٹا اور چینی کی قیمتیں میں اضافہ ہوا اس لیے اب وزیر اعظم عمران خان اس کے ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ ماضی میں قیمتوں کے اضافے کی وجہ وزیر اعظم کو قرار دیتے تھے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عدالت آتے ہوئے یہ مضخکہ خیز خبر سنی کہ نواز شریف کا کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ بنا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ویکسین کا ریکارڈ بھی جعلی ہے اور مجھے تشویش ہے کہ عالمی برداری اس پر برہمی کا اظہار کرے گی۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف نواز شریف کے سچے سپاہی اور ان کے بیانیے کے علم بردار ہیں، اور اگر کہیں ڈسپلن کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو وہ جواب جمع کرادیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ جاوید لطیف کے ڈسپلن کی خلاف ورزی سے متعلق جواب ہم سب پڑھ لیں گے۔