’جاسوسی کی جارہی ہے‘، آریان کو گرفتار کرنیوالے افسر نے سکیورٹی مانگ لی
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو منشیات کیس میں گرفتار کرنے والے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کی جانب سے سنگین انکشافات کیے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمیر وانکھیڈے نے پولیس کو شکایت کی ہے کہ گزشتہ کچھ روز سے ان کا پیچھا کیا جارہا ہے۔
سمیر وانکھیڈے نے ان کی جاسوسی کی شکایت ممبئی کے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں درج کروائی ہے تاہم واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
سمیر وانکھیڈے کا کہنا ہے کہ اپنی والدہ کی قبر پر قبرستان جاتے ہوئے احساس ہوا کہ کوئی مسلسل میرے پیچھے آرہا ہے، مجھے شک ہے کہ میری جاسوسی کی جارہی ہے۔
این سی بی افسر نے دعویٰ کیا کہ پولیس کے دو افسران کے ہمراہ دو افراد ان کے قبرستان جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ساتھ لے گئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ سمیر وانکھیڈے نے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے پولیس کو ثبوت بھی پیش کیے ہیں۔
انہوں نے اپنے اور اہلخانہ کیلئے سخت سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔