اسلام آباد: وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی بحال کر دی گئی۔
کورونا کے باعث تعلیمی اداروں میں چھ دن کلاسز ہورہی تھیں کیونکہ بچوں کو 2 گروپس میں تقسیم کرکے 50 فیصد حاضری کےساتھ بلایا جارہا تھا تاہم ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد حکومت نے اسکولوں میں پچاس فیصد حاضری کی شرط ختم کردی ہے اور تمام تعلیمی اداروں میں پوری حاضری کے ساتھ کلاسز شروع ہوگئی ہیں۔
ڈائریکٹر فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) سعدیہ عدنان نے بتایا کہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق تعلیمی اداروں میں اب پیر سے جمعہ تک 100 فیصد حاضری کے ساتھ پانچ دن کلاسز ہوں گی۔
وفاقی نظامت تعلیمات نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کے اوقات کار بھی جاری کردیے جس کے مطابق صبح کی شفٹ کے اوقات کار 8:30 سے 2:00 اور جمعہ کے روز 8:30 سے 12:30 تک ہونگے۔
ڈبل شفٹ کے تعلیمی اداروں میں صبح کی شفٹ 8:30 سے 1:30 بجے اور شام کی شفٹ 1:30 سے 6:30 بجے تک ہوگی۔ جمعہ کے روز شام کی ٹائمنگ 2:30 سے 6:30 بجے تک ہوگی۔ مونٹیسری اور پریپ کلاسز 8:30 سے 12:30 بجے تک ہونگی۔