کینگروز سے سیریز؛ پی سی بی نے سلو پچز کا منصوبہ بنالیا
لاہور / کراچی: کینگروز کا شکار کرنے کیلیے پی سی بی نے سلو پچز کا منصوبہ بنالیا ہوم ٹیسٹ سیریز کیلیے مشقوں کا بھی آغاز ہوگیا دستیاب کھلاڑی کراچی میں ایکشن میں دکھائی دیے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے ہوم ٹیسٹ سیریز کی پچز سلو ہوں گی، ،حکام کو خدشہ ہے کہ تیز،باؤنسی یا ٹرننگ پچ بنانے سے کہیں خود جال میں نہ پھنس جائیں، سلو پچز پر ہی ہوم گراونڈ کا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، کراچی اور لاہور میں آسانی مگر راولپنڈی کی کنڈیشنز میں گراؤنڈ اسٹاف کو مشکل پیش آئے گی۔
ذرائع کے مطابق لیگ اسپنر یاسر شاہ کے فٹنس مسائل ٹیم مینجمنٹ کیلیے پریشان کن ہیں،امیدہے کہ ریزروز میں شامل رہتے ہوئے وہ ٹریننگ کیمپ میں 100فیصد فٹنس اور ردھم پانے میں کامیاب ہوجائیں گے، اسپن اٹیک میں شامل زاہد محمود، ساجد خان اور نعمان علی باصلاحیت ضرور ہیں مگر انھیں ابھی تک آسٹریلوی تجربہ کار بیٹرز کو قابو کرنے والے ورلڈ کلاس بولرز نہیں سمجھا جا رہا۔دوسری جانب ٹیسٹ سیریز کیلیے 16 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل 6 کرکٹرز اظہر علی، فواد عالم، امام الحق، نعمان علی، ساجد خان اور سعود شکیل نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر گراؤنڈ پر کیمپ کے پہلے روز بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،دیگر کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے بعد جوائن کریں گے۔
5 ریزروز میں سے 2 کرکٹرزیاسر شاہ اورمحمد عباس بھی کیمپ میں شریک ہیں،اضافی کھلاڑی عالیان محمود، احمد بشیر، علی عثمان، ارشد اللہ، حسیب اللہ ، محمد علی، رضا المصطفٰی، تاج ولی اور محمد ذیشان بھی معاونت کررہے ہیں، ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی زیرنگرانی کیمپ 22 فروری تک جاری رہے گا، پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔