عامر خان ہفتے کو انٹرنیشنل باکسنگ فائٹ میں کامیابی کیلئے پرامید

کراچی: معروف  پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان ہفتے کو ہونے والی اپنی انٹرنیشنل باکسنگ فائٹ میں کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔

عامر خان نے برطانیہ ہی کے کیل بروک کے خلاف مانچسٹر ایرینا، انگلینڈ میں ہونے والی ویلٹر ویٹ فائٹ کے لیے ٹریفورڈ سینٹر میں شائقین اور مداحوں سے مکمل طور پر بھرے اسٹیڈیم میں   ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کامیابی کے لیے بہت پر امید ہوں،فتح کے لیے بھرپور ٹریننگ کی ہے جس میں پہاڑوں پر چڑھ کر مشقت کرنا بھی شامل ہے، اپنے مداحوں کو ہر گز مایوس نہیں کروں گا۔

دونوں باکسرز کے درمیان طویل تاخیر کے بعد ہونے والے اس مقابلے پر دنیا کی نظریں ہیں،دونوں باکسرز اولمپکس 2004 کے سلور میڈلسٹ ہیں، عامر خان 2005 میں پروفیشنل باکسر بن گئے تھے،کامن ویلتھ لائٹ ویٹ چیمپئن ہونے کے ساتھ ساتھ ڈبلیو بی اے کا لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل حاصل کرنے والے  عامر خان نے اب تک اپنے 35 پروفیشنل مقابلوں میں فتح پائی ہے، صرف 4میں ناکام رہے جبکہ انہوں نے 21 مقابلوں میں حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔

دوسری جانب کیل بروک 39  فتوحات سمیٹنے میں کامیاب رہے ہیں، صرف 3 میں ناکام رہے جبکہ انہوں نے 27 مرتبہ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی،عامر خان اور کیل بروک کے درمیان مرکزی فائٹ سے قبل متعدد مقابلے ہونگے،ان میں عبدالخان کا لائٹ ویٹ میں رکی اسٹار سے، ابراہیم  نادم کا سپر فیدر ویٹ میں ٹاکابمبری،آدم عظیم کا لائٹ ویٹ میں جورڈن ایلی سن اور حسن عظیم کا  ویلٹر ویٹ میں ایم جے پال سے مقابلہ شیڈول ہے۔