وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی فوری اجلاس بُلائیں۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد کو زیادہ لمبا نہ لٹکایا جائے، ملک زیادہ دیر ان حالات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
فواد چوہدری نے اپوزیشن کو 172 ارکان میڈیا کے سامنے لانے کا چیلنج بھی دے دیا۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ندیم افضل چن پی ٹی آئی چھوڑ کر جانے سے قبل میرے پاس آئے ، ندیم افضل چن سے کہا پیپلزپارٹی میں کیوں جارہے ہو، کانگریس جوائن کرلو۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، ماضی میں عدم اعتماد میں نوٹوں کی بوریاں کھولی گئیں، سندھ کا قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کا پیسہ ننھے منے مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے بہایا گیا، 18ویں ترمیم کےنام پرعجیب تماشہ لگا ہوا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم ان سے ایسے ہی نمٹیں گے جیسے ملزموں سے نمٹا جاتا ہے، اب ہم ان سے بات نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے رضاکارانہ طور پر اسمبلی سےاعتماد کا ووٹ لیا، اسپیکر سے کہہ رہے ہیں کہ جلد از جلد عدم اعتماد کے معاملے کو اسمبلی میں لائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کا اختیار صوبائی اسمبلی کا ہے، اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں، آج بھی اتحادیوں سے اچھی ملاقات رہی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ دنیا کو معاشی بحران کا سامناہے، پاکستان ساڑھے 5 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہاہے ، عالمی بحران کے باجود ہم نے بجلی اور تیل کی قیمتیں کم کیں، عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکربحران سے نکلیں گے۔