سینٹر فار ایرو سپیس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز کا بڑھتی آبادی اور اس سے منسلک چیلنجز پر قابو پانے کے موضوع پر سیمینار

سینٹر فار ایروسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز اسلام آباد
پریس ریلیز

09 اکتوبر 2023: سینٹر فار ایرو سپیس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز (CASS) اسلام‌آباد نے پاکستان کی بڑھتی آبادی اور اس سے منسلک چیلنجز پر قابو پانے کے موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام کیا۔ معزز مقررین میں سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور محترمہ سامعہ لیاقت علی خان شامل تھیں۔ سیمینار کے ماڈریٹر ایر وائس مارشل ناصر الحق وائں (ریٹائرڈ) نے پانی, تعلیم, معیشت, اور ابادی کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی. انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی, دیہی سے شہری علاقوں کی طرف نقل مکانی, اور مردم شماری میں غلطیوں سے متعلق مسائل بھی اجاگر کیے.

سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پاکستان کی آبادی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے شرح پیدائش پر اثر انداز ہونے والے عوامل کو حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قابل رسائی خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات پر زور دیا اور انتظامی مسائل کی وجہ سے خاندانی منصوبہ بندی کے اقدامات میں کمی پر افسوس کا اظہار کیا۔ محترمہ سامعہ لیاقت علی خان نے صنفی تفاوت، آبادی میں اضافے اور معاشی ترقی کے مابین تعلق پر توجہ دی اور زچگی اور بچوں کی اموات، غذائیت کی کمی، اور تعلیمی مسائل کے بارے میں تشویش ناک اعداد و شمار پیش کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو معاشرے میں رہنما کردار کے طور پر قبول کیا جائے۔

ایئر مارشل فاروق حبیب (ریٹائرڈ) نے قومی ترقی کے لیے بنیادی اصولوں کو اپنانے پر زور دیا اور نوجوان نسل کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ معاشرتی خرابیوں کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں. ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ جوان لوگوں پر مشتمل ہے ان کی صحیح تربیت اور ہنر مندی کے بغیر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔

سیمینار کے اختتام پر پریزیڈنٹ CASS ایئر مارشل فرحت حسین خان (ریٹائرڈ) نے سامعین کا شکریہ ادا کیا اور مقررین میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ سیمینار کے شرکاء میں ماہرین تعلیم، مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران، پالیسی ساز، محققین، اور میڈیا کے ماہرین شامل تھے۔ سیمینار کا اختتام ایک انٹریکٹو سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا۔