بھارت تمام کشمیری سیاسی نظر بندوں کو رہا کرے۔ حریت رہنما
سرینگر05 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں یوتھ سوشل فورم نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تمام کشمیری سیاسی نظر بندوںکو رہا کرے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوتھ سوشل فورم کے رہنما توصیف احمد حال ہی میں دو برس کی غیر قانونی نظر بندی سے رہا ہونے والے جاوید منشی کے سرینگر کے علاقے نشاط میں واقع گھر گئے اور رہائی پر انہیں مبارک باددی۔ انہوںنے اس موقع پر کہا کہ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو بھی بیس ماہ کی گھر میں غیر قانونی نظر بندی کے بعد رہا کیا گیا ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے ۔ توصیف احمد نے امید ظاہر کی کہ بھارت مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طو رپر نظر بند دیگر سینکڑوں کشمیریوں کو بھی جلد رہا کر دے گا۔انہوںنے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام ممکن بنایا جا سکے۔
دریںاثنا جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائمقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ شبیر احمد شاہ سمیت تمام کشمیری سیاسی نظر بندوں کو رہا کرے۔
یا د رہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو تقریباً 20ماہ کی غیر قانونی نظر بند ی کے بعد رہا کر دیا۔ انہیں نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کومقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے ایک روز قبل چار اگست کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا تھا۔