آل انڈیا شیعہ پرسنل لاءبورڈکی بھارتی سپریم کورٹ سے وسیم رضوی کی درخواست مسترد کرنے کی اپیل
لکھنو 19 مارچ : آل انڈیا شیعہ پرسنل لاءبورڈ نے بھارتی سپریم کورٹ سے قرآن پاک کی 26 آیات کوحذف کرنے کیلئے اترپردیش شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کی طرف سے دائر درخواست کو خارج کرنے کی اپیل کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وسیم رضوی نے 11 مارچ کو بھارتی سپریم کورٹ میں قرآن پاک کی 26آیات کو حذف کرنے کیلئے عرضداشت دائر کی تھی اوردعویٰ کیا تھا کہ ان آیات سے دہشت گردی کو فروغ ملتا ہے ۔ جس سے مختلف شعبوں اور حلقوں کی طرف سے وسیم رضوی پر شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا۔آل انڈیا شیعہ پرسنل لاءبورڈکا ایک ہنگامی اجلاس لکھنو میں منعقد ہوا جس میں حکومت سے کسی بھی مذہب یا مقدس کتاب کی توہین کے مرتکب ہونے والے وسیم رضوی جیسے گستاخوںکو قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیاگیا ۔بورڈ کے ترجما ن مولانا یعثوب عباس کے مطابق بورڈ کے اجلاس میں بھارتی سپریم کورٹ سے ملک میں امن برقراررکھنے کیلئے وسیم رضوی کی عرضداشت کو مسترد کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔