انسانوں کو چاند پر بھیجنے کیلئے ناسا اسپیس ایکس کی خلائی گاڑی استعمال کرے گا
امریکی خلائی ادارے ناسا نے انسانوں کو چاند پر لے بھیجنے کے لیے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی بنائی ہوئی خلائی گاڑی استعمال کرے گا۔
ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی یہ خلائی گاڑی آنے والے عشرے میں پہلے مرد اور پہلی خاتون کو قمری سطح پر لے جائے گی۔
یہ لینڈر اسپیس ایکس کے اسٹارشپ کرافٹ کا حصہ ہے، جس کا تجربہ جنوبی ٹیکساس میں ایک سائٹ پر کیا جا رہا ہے۔
ناسا کی جانب سے ایلون مسک کی کمپنی سے کیے گئے معاہدے کی کل مالیت 2.89 ارب ڈالر ہے۔
گزشتہ سال اسپیس ایکس نے ناسا کے ساتھ مل کر ناسا کے دو خلا نوردوں کو عالمی خلائی اسٹیشن بھیجا تھا اور اس پروجیکٹ کوSpaceX Demo-2 کا نام دیا گیا تھا
اسپیس ایکس راکٹ کمپنی اس قبل خلا میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن تک ضروری سامان کی ترسیل کا کام کرتی رہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال امریکہ میں پہلی بار پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت انسان کو خلا میں بھیج دیا گیا تھا اور دو خلا نورد اسپیس ایکس کمپنی کے تیار کردہ راکٹ کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔
اسپیس ایکس ناسا کے خلابازوں کو خلا میں بھیجنے والی پہلی نجی کمپنی بن گئی تھی۔