پی ٹی آئی کے ارکان عوام کے پاس جانے کے قابل نہیں رہے،رانا ثنا ء اللہ 2022عام انتخابات کاسال ہے ،پی ٹی آئی کے موجودہ کئی ارکان الیکشن نہیں لڑیں جولڑیں گے وہ سیاسی طورپرمریں گے نوازشریف بہت جلدواپس آئیں گے اورعمران خان پہلی فلائٹ پربھاگ جائیں گے،صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب

فیصل آباد( ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدراورسابق صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ2022عام انتخابات کا سال ہے، پی ٹی آئی کے ارکان عوام کے پاس جانے کے قابل نہیں رہے ۔ ”صباح نیوز” سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ2022عام انتخابات کاسال ہے ۔پی ٹی آئی کے موجودہ کئی ارکان الیکشن نہیں لڑیں جولڑیں گے وہ سیاسی طورپرمریں گے۔ مسلم لیگ ن کے اُمیدواراُنہیں60ہزارکی لیڈسے شکست دیں گے ۔اُن کاکہناتھاکہ میاں نوازشریف بہت جلدواپس آئیں گے اورعمران خان پہلی فلائٹ پربھاگ جائیں گے کیونکہ وہ عوام کے پاس جانے اورمنہ دکھانے کے قابل نہیں رہے اُن کی جماعت بھی تیسرے درجے کی بن چکی ہے ۔حکمرانوں کی فائلیں بن رہی ہیں وقت آنے پروہ بچ نہیں پائیں گے۔احتساب بھی ہوگااورحساب بھی۔ میاں نوازشریف واپسی پرایک درخواست دیں گے تومیرٹ پراُن کی سزاکالعدم ہوگی۔ارشدجج کافیصلہ قانون اورانصاف پربدنماداغ اور طمانچہ ہے اُن کے اعتراف کے بعدفیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ مزاحمت کا مقصدخونی انقلاب یامسلح تصادم نہیں بلکہ صاف شفاف الیکشن اورووٹ کوعزت دلانہ ہے جوسب چاہتے ہیں ۔ووٹ کوعزت دوکامطلب سولین بالادستی اور عوامی مینڈیٹ کی عزت ہے ۔عمران خان سے ہماراذاتی کوئی اختلاف نہیں صرف دھاندلی زدہ الیکشن سے اقتدارمیں آنے پراختلاف ہے۔ لیکن اُنہوں نے اپوزیشن میں بھی اوراقتدارمیں آکربھی ذاتی  اختلاف کی سیاست کی ہے جس میں وہ ناکام ہوئے ہیں۔ جھوٹے مقدمات کی وجہ سے قانون کے کٹہرے میں مسلم لیگ کوعزت اورحکومت کورسوائی مل رہی ہے عوام میں بھی اُسے رسوائی ملے گی ۔اُنہوں نے کہاکہ میاں شہبازشریف کاخیال ہے کہ مفاہمت کے راستے سے بھی صاف شفاف الیکشن کا مقصدحاصل کیاجاسکتا ہے۔