حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں پنجاب حکومت سے متعلق پیپلز پارٹی کے خدشات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے وفد کی قیادت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور رانا ثنا اللہ کریں گے جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، ندیم افضل چن اور قمر زمان شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں پنجاب حکومت سے متعلق پیپلزپارٹی کے خدشات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بلاول ہاؤس کی سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر بھی بات ہو گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نام لیے بغیر پیپلز پارٹی کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا جس پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے بھی پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت پر جوابی تنقید کی تھی۔
دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے مسلسل تنقید پر صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو معاملہ حل کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس کے بعد مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی وفد نے نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں جانب سے معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔