حکومت نے نجی سیکٹر کے ذریعے مجموعی طور پر 6.25 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا منصوبہ تیار کرلیا
اسلام آباد : حکومت نے گندم خریداری کا منصوبہ تیار کرلیا جب کہ رواں سال کے لیے عبوری گندم پالیسی کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جو آئندہ ہفتوں میں وفاقی کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع وزارت فوڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مجموعی طور پر 6.25 ملین میٹرک ٹن گندم کاشتکاروں سے براہِ راست کی بجائے نجی شعبے کے ذریعے خریدیں گی، نجی سیکٹر رواں سال گندم خریداری کا عمل انجام دے گا۔وفاق 1.5 ملین ٹن گندم خریدے گا، پنجاب 2.5 ملین ٹن گندم خریداری کرے گا، سندھ ایک ملین ٹن گندم خریدے گا، خیبرپختونخوا 7.5 لاکھ اور بلوچستان 5 لاکھ ٹن گندم خریدیں گے۔
حکومت نے گندم کی انڈیکیٹو قیمت خرید 3500 روپے فی من مقرر کردی گئی ہے، اگر بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت بڑھے گی تو پاکستان میں بھی قیمت بڑھا دی جائے گی۔آئی ایم ایف شرائط پر گندم کی امدادی قیمت مقرر نہیں کی گئی، گندم کی صوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔