شبیر شاہ کی طر ف سے مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی مذمت

سرینگر 27جولائی () کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنما اور جموں و کشمی ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران بھارتی فورسز نے بڑی تعداد میں کشمیریوں جن میں بیشتر نوجوان شامل ہیں کو گرفتار کرلیا ہے ۔
شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے پیروکار ہونے کی حیثیت سے کشمیری مسلمان عصر حاضر کے یزیدوں کے سامنے جھکنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی منصفانہ جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔