عمران عباس نے خود پر تنقید کرنے والے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا صارفین کو جواب
بالی وڈ ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ہیرا منڈی کیلئے پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے کی گئی تصدیق کے بعد عمران عباس نے خود پر تنقید کرنے والے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا صارفین کو جواب دیا ہے۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سنجے لیلا بھنسالی نے تصدیق کی تھی کہ ہیرا منڈی کا آئیڈیا 18 سال قبل کا ہے جس میں ریکھا، کرینہ کپور اور رانی مکھرجی موجود تھیں لیکن بعد میں یہ کاسٹ ایک کاسٹ سے دوسری کاسٹ میں تبدیل ہوگئی، ایک وقت میں اس فلم کیلئے پاکستانی اداکاروں عمران عباس، ماہرہ خان اور فواد خان کو کاسٹ کرنے کا سوچاتھا ۔
اس سے قبل بالی وڈ فلموں کی پیشکش سے متعلق عمران عباس کے بیان پر انہیں بھارتی فلموں کے ناقد کے آر کے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
تاہم اب عمران عباس نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے نوٹ میں سنجے لیلا بھنسالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اس وضاحت پر ان کا شکر گزار ہوں۔
عمران عباس نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ میں عزیز یوٹیوبرز اور تنقید نگاروں کو یہی کہوں گا کہ میرے بیان کی تصدیق کیلئے دوسرے ہدایتکاروں سے بھی پوچھیں کہ مجھے ان کی طرف سے کیا پیشکش موصول ہوئی تھی۔
اداکار نے لکھا کہ میرے لیے سب سے مایوس کن پہلو مجھ پر اعتماد کی کمی یا مجھے جھوٹا یا شو آف سمجھنا ہے، یہ واضح ہے کہ کچھ لوگ اپنی کم معلومات کے باعث دوسرے لوگوں کی حقیقی زندگی کے بہت سے تجربات سے بے خبر ہوتے ہیں، میرے لیے اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ جب آپ کے اپنے لوگ کچھ یوٹیوبرز اور ایسے نام نہاد صحافیوں، جو خود تنقید کا شکار ہوں اور بالی وڈ انڈسٹری میں قابل اعتبار نہیں، ان کے تبصروں کا حوالہ دے کر اپنی ہی مشہور شخصیات کی تذلیل کرتے ہیں۔