معروف فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے یوٹیوب کی دنیا میں دھماکے دار انٹری کی ہے اور اپنے چینل "UR” کا آغاز کیا ہے۔
39 سالہ کھلاڑی، جنہیں دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار کیا جاتا ہے، نے بدھ کے روز اپنے چینل کا اعلان کیا اور اس کے آغاز کے بعد سے ہی اس کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
صرف 5 گھنٹوں کے اندر ہی رونالڈو کے چینل نے 50 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کر لیے اور اس نے سب سے کم وقت میں اتنے سبسکرائبرز حاصل کرنے کی تاریخ رقم کی ہے۔
یہ تیز رفتار اضافہ بتاتا ہے کہ ’UR‘ یوٹیوب چینل تاریخ کا سب سے تیزی سے بڑھنے والا چینل بن سکتا ہے جو فی الحال پروڈکٹیو مواد بنانے والے مسٹر بیسٹ کے پاس ہے، جن کے 311 ملین سبسکرائبرز ہیں۔
اپنی پہلی ویڈیو میں رونالڈو نے اپنے فٹبال کے شوق کا اظہار کیا اور میدان کے علاوہ اپنی زندگی کے بارے میں بھی معلومات شیئر کیں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ ’مجھے یہ پروجیکٹ حقیقت میں لانے پر بہت خوشی ہے، یہ کافی عرصے سے میرے ذہن میں تھا لیکن اب آخر کار ہمارے پاس اسے حقیقی بنانے کا موقع ہے‘۔
اسٹار فٹبالر نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ سے سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ مضبوط تعلق سے لطف اندوز ہوتا آیا ہوں اور میرا یوٹیوب چینل مجھے اس کے لیے ایک اور بڑا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جس میں لوگ میرے خاندان اور مختلف موضوعات پر میری رائے کے بارے میں مزید جانیں گے۔‘
33 ٹرافیوں، پانچ یوئیفا چیمپیئنز لیگ ٹائٹلز اور ریکارڈ تعداد میں گول اور اسسٹس کے ساتھ سجے ہوئے ایک کامیاب کیریئر کے ساتھ، رونالڈو کا یوٹیوب کی طرف رُخ ناصرف ان کے کیریئر کا ایک نیا باب ہے بلکہ ان کی ڈیجیٹل موجودگی میں ایک اہم اضافہ ہے۔
اس سال کے شروع میں، کرسٹیانو رونالڈو نے فوربز کی فہرست میں چوتھی بار سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
رونالڈو نے سعودی عرب کی ٹیم ال-نصر میں شمولیت کے بعد دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، کیونکہ فوربز کے مطابق 39 سالہ کھلاڑی کی تخمینہ شدہ کل آمدنی تقریباً 260 ملین ڈالر تھی جو کسی بھی فٹبالر کےلیے اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر 11 کروڑ 25 لاکھ سے زیادہ فیس بک پر 17 کروڑ سے زائد جبکہ انسٹا گرام پر 63 کروڑ 60 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔