اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت قطری سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق یہ ملاقات اسلام آباد میں ہوئی، جہاں قطری وزیر پاکستان-قطر مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے چھٹے اجلاس کی شریک صدارت کے لیے دورے پر موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کو پاکستان کا قریبی شراکت دار اور ایک مؤثر علاقائی ثالث قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، آئی ٹی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔