ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ ہونے کی وجہ صرف میں نہیں: مصباح الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر ٹیم کی  پرفارمنس نہیں ہورہی تو اس کی وجہ صرف مصباح الحق نہیں ہے بلکہ پرفارمنس نہ ہونے کی وجوہات دیکھنی چاہئیں۔

لاہور میں آرائیول پریس کانفرنس میں میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ گورننگ بورڈ کے سامنے بھی پیش ہوچکا ہوں اور اب کرکٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر بھی نیوزی لینڈ کے خلاف کارکردگی اور دیگر معاملات کے حوالے سے بریف کروں گا۔

 

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے وہ میری بات کو سمجھیں گے، کمیٹی جو بھی تجاویز دے یہ ان پر ہے وہ میرے کنٹرول میں نہیں ہے۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کمیونی کیشن گیپ نہیں ہونا چاہیے، اگر کارکردگی کا جائزہ لینا ہے تو لیں، نتائج کیوں نہیں آئے اس کی وجوہات دیکھنی چاہئیں کسی کو پرو ایکٹو نہیں ہونا چاہیے، مجھے نہیں لگتا کہ ہماری باز پرس کی جائے گی، یہ ضرور کہوں گا کہ ابھی تسلسل اعتماد اور یقینی صورتحال ہونی چاہیے۔

 مصباح الحق نے مزید کہا کہ نتائج نہیں آئے میں مانتا ہوں لیکن کسی کی بھی کمٹمنٹ میں فرق نہیں تھا، سب نے محنت کی ہے، میں معذرت کر رہا ہوں اور نہ بہانے پیش کر رہا ہوں، ٹورنگ ٹیموں کو موجودہ کووڈ حالات میں مشکلات پیش آرہی ہیں، انجریز بڑھ رہی اور ہیں دماغی مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ دیگر ٹیموں کے کوچز بھی کہہ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نیوزی لینڈ میں 18 سے 19 روز  کمروں میں رہے اور ٹریننگ نہیں کی جس سے فرق پڑا جب کہ جانے سے قبل فخر زمان بخار میں مبتلا ہو گئے وہ نیوزی لینڈ نہ جاسکے، نیوزی لینڈ میں بھی انجریز ہوئیں بابر اعظم کا سب سے زیادہ فرق پڑا یہ ایسے ہی تھا جیسے نیوزی لینڈ کو کین ولیمسن کی خدمات حاصل نہ ہوں لیکن پھر بھی دیگر ٹورنگ ٹیموں کے مقابلے میں ہماری پرفارمنس اچھی رہی۔

مصباح الحق نے کہا کہ محمد عامر کی ذاتی رائے ہے جو انہوں نے کہا انہیں ہمیشہ عزت دی، 2016 میں جب وہ آئے تو انہیں عزت دی اب وہ فارم اور پرفارمنس پر ٹیم کا حصہ نہیں تھے، کوئی ذاتی معاملہ نہیں ہے محمد عامر اب بھی فارمنس ثابت کریں ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

مصباح نے تنقید کرنے والوں کے بارے میں کہا کہ ہر انسان اپنے ظرف کے مطابق بولتا ہے جو بول رہے ہیں وہ بولتے رہیں تنقید ہوتی رہتی ہے، میں کرکٹ پر فوکس کررہا ہوں، چاہوں گا کہ حقائق کو سامنے رکھ کر تجاویز تیار کی جائیں، پرفارمنس نہیں ہورہی تو اس کی وجہ صرف مصباح الحق نہیں ہے بلکہ پرفارمنس نہ ہونے کی وجوہات دیکھنی چاہئیں،  ایک شخص کے بدلنے سے کرکٹ کا کچھ نہیں ہوتا۔